فکری مکالمہ : مسائلِ حکمت، فلسفہ و تصوف

فکری مکالمہ

موضوع:

مسائلِ حکمت، فلسفہ و تصوف

جب انسانی نگاہ اس وسیع، عریض اور رفیع الشان کائنات پر ٹھہرتی ہے تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ پوری ہستی گویا عالمِ اشیاء اور عالمِ حوادث کا مسلسل انضمام ہے۔
اشیاء اپنی قیام پذیری اور ٹھہراؤ کے ساتھ، اور حوادث اپنی تغیر پذیری اور تسلسل کے ساتھ—
دونوں مل کر اس کائنات کی محسوس، متعیّن اور جاندار شخصیت کا قالب بناتے ہیں۔

زمانی اعتبار سے دیکھا جائے تو واقعات کا یہ سلسلہ اربوں برسوں کی تہہ میں پیوست ہے۔
مکانی تناظر میں کائنات براعظموں، خشکی و تری کے خطّوں، پہاڑی سلسلوں، صحراؤں اور سبزہ زاروں تک پھیلی ہوئی ہے،
اور افلاک کی وسعتوں میں کہکشاؤں کے بے شمار جھرمٹ اپنی خاموش گردش میں مصروف ہیں۔
جدید فلکیات نے اس تصور کی تصدیق کی ہے کہ زمین و آسمان کے بیچ ایک بے کراں خلا ہے،
اور اس خلا میں تاریک مادہ اور تاریک توانائی جیسے پوشیدہ عناصر انسانی علم کی حدود کی یاد دہانی کراتے ہیں/ شہادت دیتے ہیں۔

لہٰذا آج بھی پوری سچائی کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ:
کائنات ایک معمہ ہے اور زندگی ایک راز۔

اربابِ فکر اس کائنات کو عالمِ کبیر اور انسان کو عالمِ صغیر کہتے آئے ہیں؛
لیکن حقیقت یہ ہے کہ انسان بھی اپنی سربستگی اور پیچیدگی میں کائنات سے کم حیرت انگیز نہیں۔

عالمِ کبیر اور عالمِ صغیر — مماثلت یا تمثیل؟

فلسفہ اور تصوف دونوں میں یہ خیال دیر سے رائج رہا ہے کہ انسان اپنی ساخت میں عالمِ کبیر کا عکس ہے۔
یہ تصور صوفیاء کے ہاں “آئینۂ حق” اور فلسفیوں کے ہاں “Microcosm–Macrocosm Parallel” کے نام سے معروف ہے۔
لیکن ایک سخت گیر نقّاد یہ سوال ضرور اٹھاتا ہے:

کیا یہ محض ایک لطیف تمثیل ہے یا اس میں کوئی حقیقی ساختیائی مماثلت بھی موجود ہے؟

اگرچہ انسانی دماغ کے نیورل نیٹ ورک اور کہکشاؤں کے جال میں حیرت انگیز مشابهت دیکھی گئی ہے،
لیکن انسانی شعور اپنی ماہیت میں ان ساختی مماثلتوں سے کہیں زیادہ گہرا، منفرد اور دانائے راز ہے۔
یہی وہ مقام ہے جہاں شعور کا مشکل ترین مسئلہ،
The Hard Problem of Consciousness
جنم لیتا ہے—
یعنی مادے سے شعور کیسے پیدا ہوتا ہے؟

یہ وہ سوال ہے جس نے مذہب، فلسفہ، تصوف اور سائنس سب کو یکساں طور پر چونکا رکھا ہے۔

اہم مسائلِ حکمت و فلسفہ

انسان جب اپنے مطالعے، مشاہدے، محسوسات اور تجربات کا حاصل جمع کرتا ہے تو ہر عہد میں چند گہرے اور معنی خیز سوالات اس کے ذہن میں ضرور ابھرتے ہیں:

1— اس عالمِ اشیاء و حوادث کے پسِ پردہ کیا محرک کارفرما ہے؟
وہ حقیقتِ اصلی کیا ہے جس نے اس کائناتی نظم کو وجود بخشا؟

2— کیا یہ اشیاء و واقعات کسی محرکِ اوّل یا حقیقتِ اولی کے مظاہر ہیں؟

کیا کائنات محض طبعی قوانین کا اندھا عمل ہے یا خیرِ مطلق، نورِ حقیقی، یا ارادۂ الٰہی کی تجلّی؟

3— کائنات (عالمِ کبیر) اور انسان (عالمِ صغیر) کا خدائے واحد(حقیقتِ اولی) سے کیا رشتہ ہے؟

کیا انسان محض ایک جز ہے،
یا وہ عارفِ کائنات بننے کی استعداد رکھتا ہے؟

4— کیا انسان اور کائنات دونوں نقشِ ناتمام ہیں؟

کیا حقیقتِ اولی اپنی مسلسل تجلی کے ذریعے کائنات اور انسان دونوں کی تکمیل کے عمل میں مصروف ہے؟
یہی تصور تصوف میں “تجددِ امثال” اور “خلقِ جدید” کی صورت اختیار کرتا ہے۔

5— کیا حقیقتِ مطلق تک رسائی عقل سے نہیں، ایمان اور تزکیہ سے ہوتی ہے؟

کیا سرحدِ ادراک سے آگے بڑھ کر معبود تک پہنچنے کا واحد راستہ
تحقیق و تفکر،
مطالعہ و تشکیک،
مجاہدۂ نفس،
اور عبادت و ریاضت سے کھلتا ہے؟
یہی مقام ہے جہاں فلسفہ کی جستجو تصوف کی واردات سے ملتی ہے اور دونوں مذہب
(علم بالوحی) کے نور میں اپنا ثبوت پاتے ہیں

مذہب، فلسفہ اور تصوف کا اشتراک

ان بنیادی سوالات کو مذہب، فلسفہ اور شاعری — تینوں میں مشترک قرار دیا گیا ہے۔
ہر ایک نے اپنے اپنے انداز میں حقیقت تک پہنچنے کی کوشش کی ہے:
فلسفہ نے عقل کی روشنی میں
تصوف نے دل کی آگہی میں
اور مذہب نے وحی کی بصیرت میں یہی حقیقت کا سراغ لگایا ہے۔
پیغمبرانہ حکمت آج بھی ان مسائل کا حل پیش کرتی ہے،
لیکن جدید ذہن پر ایک فکری دھوکا مسلط ہے کہ جیسے یہ مسائل اصل میں قابلِ حل ہی نہیں بلکہ ان کی “لایعنیت” ہی تخلیقی فکر کا حسن ہے۔

حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ:
عقل سوال کی روشنی دیتی ہے،
تصوف دل کو پاک کرتا ہے،
اور شرع حقیقت تک پہنچنے کا راستہ دکھاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *